مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ چین نے جوہری اسلحہ لے جانے والے آواز سے تیز رفتار سپر سونک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جب کہ امریکہ نے اس پر اپنے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے جنوبی بحیرہ چین میں کشیدگی میں اضافے کی وجہ قراردیا ہے۔ چینی وزارت دفاع نے جوہری اسلحہ لے کر جانے والے سپر سونک میزائل کے کامیاب تجربے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کی اپنی حدود میں کیا گیا یہ تجربہ سائنسی اور تحقیقی تھا جو کہ طےشدہ وقت پر کامیابی سے مکمل کرلیا گیا جب کہ اس کے کوئی مخصوص اہداف نہیں تھے، پیپلز لبریشن آرمی چائنا کا گزشتہ 18 ماہ میں آواز کی رفتار سے 10 گنا ذیادہ تیز میزائل کا یہ چوتھا تجربہ ہے۔
ادھر ایک چینی اخبارکے مطابق فوجی مبصرین نے چین کے اس اقدا م کو جنوبی بحیرہ چین میں امریکہ کی جانب سے مسلسل کی جانے والی مداخلت کا ردعمل قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سپر سونک میزائل جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے جوکہ جوہری اور روایتی ہتھیار لے جانے کے ساتھ امریکی دفاعی نظام کی نظر میں آئے بغیر ہدف تک پہنچنے کے بھی صلاحیت رکھتا ہے۔واضح رہے کہ جنوبی بحیرہ چین پر امریکہ اور چین کے درمیان گزشتہ کافی عرصے سے کشیدگی پائی جاتی ہے اورچین جنوبی بحیرہ چین میں اپنی عسکری سرگرمیوں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے۔