مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے صوبہ خراسان شمالی کے شہر بجنورد میں ایک عظیم عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کسی کو ایرانی قوم کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ہم اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں ظالمانہ پانبدیوں کو ختم کروادیں گے۔ صدر حسن روحانی نے رمضان کی آمد پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ روزوں کا مہینہ، قرآن مجید کی تلاوت کا مہینہ، دوستی ، محبت اور معنوی شوق و نشاط کا مہینہ ہے انھوں نے کہا کہ یہ مہینہ اللہ تعالی سے قرب کا مہینہ ہے۔
صدر حسن روحانی نے ایران اور گروپ 1+5 کے درمیان مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم کسی کو ایرانی قوم کے حقوق پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ہم یورینیم بھی افزودہ کریں گے اور ملک کی معاشی اور اقتصادی پالیسیوں کو بھی مضبوط بنائیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی قوم کسی کے دباؤ میں خم ہونے والی نہیں اور ہم انقلاب اسلامی کے اعلی اہداف کی جانب گامزن رہیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم تدبیر کے ذریعہ سکیورٹی کونسل کی ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کو اسی سکیورٹی کونسل میں باطل کروائیں گے اور اپنے پرامن ایٹمی پروگرام کا سلسلہ بھی جاری رکھیں گے۔