مہر خبررساں ایجنسی نے ڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کیمون سے ملاقات میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر جلد عملدرآمد کرائے کیونکہ قرارداد پر عمل درآمد کرانا سکیورٹی کونسل کا فرض ہے۔
پاکستانی وزیراعظم نوازشریف نے تاجیکستان کے دارالحکومت دوشنبہ میں اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری بان کی مون سے ملاقات کی جس میں ان کے ہمراہ وفاقی وزیر خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شریک تھے جب کہ اس موقع پر بان کی مون سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر جلد عملدرآمد کرائے کیونکہ قرارداد پر عمل درآمد کرانا سکیورٹی کونسل کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسائیوں کے ساتھ پر امن تعلقات ہماری اولین ترجیح ہے مگر ہندوستان نے ہماری جانب سے مذاکرات کے اقدام کا مثبت جواب نہیں دیا اور ہندوستانی قیادت کے حالیہ بیانات انتہائی مایوس کن ہیں۔