پاکستان میں پنجاب یونیورسٹی میں پختون بلوچ طلبہ یونین اور اسلامی جمعیت طلبہ کے درمیان تصادم کے بعد مشتعل طلبہ نے الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ میں توڑ پھوڑ کر کے آگ لگا دی ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں پنجاب یونیورسٹی میں پختون بلوچ طلبہ یونین اور اسلامی جمعیت طلبہ کے درمیان تصادم کے بعد مشتعل طلبہ نے الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ میں توڑ پھوڑ کر کے آگ لگا دی ہے۔ لاہور میں پنجاب یونیورسٹی کے انجینئرنگ گراؤنڈ میں آج اسلامی جمعیت طلبہ کا پائینیر فیسٹیول ہونا تھا جس پر پختون بلوچ طلبہ یونین نے دھاوا بول دیا۔ پختون بلوچ طلبہ یونین نے تقریبا صبح 4:45 پر تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کالج آف الیکٹریکل انجینئرنگ پر حملہ کرکے ایک کمرے کو آگ لگادی۔ مشتعل طلبہ نے ڈیپارٹمنٹ کے باہر کھڑی کئی گاڑیوں کے شیشے توڑ دیئے اور 5 موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں تنظیموں کے مشتعل طلبا کو منتشر کردیا جب کہ اب بھی یونیورسٹی میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور حالات کشیدہ ہیں۔ میڈیا سمیت کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو پنجاب یونیورسٹی میں داخلے سے روک دیا گیا ہے اور الیکٹریکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ میں کلاسز کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ وائس چانسلرڈاکٹر ذکریا ذاکر نے یونورسٹی میں ماحول کر پرامن رکھنے کے لئے اساتذہ اور انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی 21 مارچ کو انہی دونوں تنظیموں کے درمیان تصادم ہوا تھا۔
آپ کا تبصرہ