وفاق المدارس الشیعہ کے سربراہ نے کہا شوہر کو اپنی بیوی کا خیال رکھنا چاہیے، مرد آٹھ گھنٹے کام کرکے گھر پہنچتا ہے تو رعب جھاڑتا ہے کہ وہ بہت کام کرکے آیا ہے، مگر بیوی کا خیال نہیں کرتا جو گھر میں چوبیس گھنٹے کام کرتی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ بچوں کی تربیت والدین کی ذمہ داری ہے، مگر افسوس تربیت کے فقدان کی وجہ سے بچوں کی تربیت پر توجہ نہیں دی جاتی، والدین کو چاہیے کہ وہ اپنی اولاد کو عقائد اسلام اور احکامات شریعت سکھائیں، مگر افسوس بچوں کو غیر مسلم مشن سکول میں بھیج دیتے ہیں، جو اپنا مذہب سکھائیں گے، اسلامی تعلیمات نہیں۔ انہوں نے کہا اگر ہمارا رابطہ قرآن مجید سے نہیں تو ہم صرف نام کے مسلمان ہیں۔ وفات سے چھ ماہ پہلے خاتم الانبیاء سید المرسلین حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے کہا تھا کہ میں قرآن اور اہلبیتؑ کو تمہارے درمیان چھوڑ رہا ہوں، دونوں سے تمسک رکھنا گمراہ نہیں ہوگے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئمہ معصومین کے مطابق اول وقت میں اور سمجھ کر نماز پڑھنے والا ہی شیعہ ہے، اپنے گھر والوں دوستوں کو بھی حق کی وصیت کریں۔

جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعہ المنتظر ماڈل ٹاون لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ وہ بچوں کو خود تعلیم دیں، دن میں کم از کم چھ گھنٹے بیوی بچوں کیساتھ بیٹھیں، قیامت کے دن بچوں کی تربیت کا بھی پوچھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بچہ پانچ سال کا ہو تو اسے نماز سکھا دیں، پھر سات سال کا ہو تو پابندی کروائیں۔ سورہ العصر میں اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے انسان خسارے میں ہے، اس لئے خود کو اللہ کا بندہ بنائیں۔ امانت میں خیانت نہ کریں۔ بچے کی تربیت نہ کرنا بھی امانت میں خیانت ہوگا۔ حافظ ریاض نجفی نے کہا شوہر کو اپنی بیوی کا خیال رکھنا چاہیے، مرد آٹھ گھنٹے کام کرکے گھر پہنچتا ہے تو رعب جھاڑتا ہے کہ وہ بہت کام کرکے آیا ہے، مگر بیوی کا خیال نہیں کرتا جو گھر میں چوبیس گھنٹے کام کرتی ہے۔ بیوی بھی مرد کے پاس امانت ہے۔ مردوں کو چاہیے کہ گھریلو کاموں میں بیوی کی مدد کریں۔

وفاق المدارس کے صدر کا کہنا تھا بار بار لڑنا شجاعت نہیں، صبر پیدا کریں، مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام نے 25 سال جنگ نہیں کی، کیونکہ موقع نہیں تھا، پھر جب حکومت ملی تو جنگ صفین، جمل اور نہروان کی جنگیں کیں۔ انہوں نے کہا نماز جمعہ کا مطلب رابطہ ہے، ایک دوسرے سے ملیں کوئی نہیں آیا تو فون کر کے خیریت دریافت کریں۔ اگر بیمار ہے تو عیادت کریں۔