سپاہ پاسداران انقلاب نے "9دی" کے تاریخی دن کی مناسبت سے کہا ہے کہ ایرانی قوم کی بصیرت اور ہوشیاری انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے نظام کی کامیابی کا راز ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے "9دی" کے تاریخی دن کی مناسبت سے ایک بیان میں ایرانی قوم کی بصیرت اور ہوشیاری کی قدردانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے اسلامی جمہوریہ ایران اور انقلاب اسلامی کے خلاف استکباری اور صہیونی سازشوں کے مقابلے میں ہوشیاری اور بیداری کا ثبوت دیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی انقلاب اور ایرانی قوم کی تاریخ عظیم اور فیصلہ کن واقعات سے بھری ہوئی ہے۔ ایرانی عوام نے بصیرت، ہوشیاری اور بروقت فیصلہ کرتے ہوئے خطرناک حالات کا مقابلہ کیا اور اسلام اور رہبر کے محور پر اتحاد کا پرچم بلند کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ "9دی 1388" (30 دسمبر 2009) کا واقعہ ان عظیم اور فیصلہ کن لمحات میں سے ایک ہے جب ایرانی قوم نے اپنی ایمانی طاقت اور قومی جذبے سے فتنے کا خاتمہ کیا۔ اس دن نے امریکہ اور صیہونی حمایت یافتہ فتنہ گروں کو حیرت میں ڈال دیا اور ایران کی تاریخ میں ایک اور "یوم اللہ" کا اضافہ کیا۔

بیان کے مطابق "9دی 1388" کو دشمن کے فتنے اور  سازشوں کے خلاف ایرانی قوم نے دندان شکن اور فیصلہ کن جواب دیا۔ یہ تحریک دشمنوں کی اس سازش کو ناکام بنانے میں کامیاب رہی جو انتخابات میں دھاندلی کے جھوٹے دعوے کے ذریعے اسلامی نظام کے خاتمے کی کوششوں کا حصہ تھی۔ اس فتنے میں بیرونی طاقتوں کے علاوہ اندرونی عناصر بھی شامل تھے جنہوں نے امریکہ، صیہونی حکومت اور ان کے علاقائی اتحادیوں کی حمایت سے یہ سازش کی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ 2009 کے فتنے اور "9دی" کے حماسے سے سبق حاصل کرنا اور ان واقعات کو موجودہ دشمنوں کی چالوں کا مقابلہ کرنے کے لیے رہنمائی کے طور پر استعمال کرنا ضروری ہے۔ آج دشمن اقتصادی جنگ، ذہنی دباؤ، اور خوف و ناامیدی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے مگر ایرانی قوم اپنی بصیرت، صبر اور عزم سے ان چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے تیار ہے جیسا کہ اس نے ماضی میں کیا۔