ویانا میں روس کے مستقل مندوب کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کے امریکی اور یورپی فریق کی پالیسی کشیدگی کا باعث بن رہی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ویانا میں روس کے مندوب میخائل الیانوف نے کہا کہ ایران اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت ہورہی ہے لیکن یہ عمل محدود ہے اور اس میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

الیانوف نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے کے امریکی اور یورپی فریقوں کی پالیسی سے کشیدگی پیدا ہو رہی ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ بعض ممالک کے اشتعال انگیز اقدامات سے قطع نظر ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان مختلف سطحوں پر رابطے جاری رہیں گے۔

ویانا میں روس کے مستقل نمائندے نے مزید کہا کہ ماسکو بین الاقوامی ایٹمی ایجنسی اور تہران کے درمیان  پیشہ ورانہ مذاکرات کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔