ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت کی مناسبت سے مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا حضرت عیسی ع انصاف، امن اور ہمدردی کے پیامبر ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم پیدائش کی مناسبت سے مبارکباد دی۔

 انہوں نے لکھا کہ کرسمس در حقیقت اس عظیم پیغمبر کی اعلیٰ تعلیمات کو یاد دلانے کا ایک موقع ہے جنہوں نے انسانیت کو محبت، شفقت اور امن و انصاف کی دعوت دی۔

انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت اور نئے سال کے آغاز پر دنیا بھر کے تمام مسیحیوں بالخصوص ایران میں مقیم مسیحی ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کی۔

 بقائی نے ایران کے ابراہیمی مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان بقائے باہمی پر مبنی تاریخ پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے افہام و تفہیم اور رواداری کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔