یمن کی انصاراللہ کے ہاتھوں فوجی میدان میں رسواکن شکست کے بعد صیہونی حکومت نے سیاسی دباؤ ڈالنے کے لئے یورپی ممالک کے دروازے کھٹکھٹانے شروع کر دئے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے خبر دی ہے کہ گذشتہ ایک سال کے دوران صیہونی حکومت کے ٹھکانوں پر یمن کی انصار اللہ کے تابڑ توڑ حملوں نے قابض رجیم کو ادھ موا کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق یمنی مسلح افواج کی زبردست کارروائیوں کے نتیجے میں مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہیں  مفلوج ہوگئیں ہیں جس پر تل ابیب نے انصار اللہ پر بین الاقوامی دباؤ ڈالنے کے لئے حسب سابق یورپ کے دروازے کھٹکھٹانے شروع کر دئے ہیں۔

اس سلسلے میں عبرانی اخبار اسرائیل ہیوم نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی وزیر خارجہ جدعون ساعر نے یورپ میں موجود صیہونی لابی کو یمن کی انصار اللہ کو دہشت گرد قرار دینے کی کوششیں تیز کرنے کا کہا ہے۔

تل ابیب کے اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ صیہونی رجیم انصار اللہ کے ہاتھوں عسکری شکست کے بعد بے بس ہو چکی ہے اور اس نے یمنی مجاہدین کے خلاف سیاسی دباؤ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔