ایران کے ایک رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی مغربی ممالک کے ہاتھوں سیاسی کھلونا بن چکی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی رکن پارلیمنٹ حجۃ الاسلام محمد مرزائی نے ہفتہ بسیج کی مناسبت سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بسیج ایک فکری ثقافتی موثر تحریک ہے، حالیہ برسوں میں خاص طور پر جوہری صنعت کے شعبے میں جو ترقی ہوئی ہے، وہ بسیجی تفکر کے مرہون منت ہے۔

انہوں نے بورڈ آف گورنرز کی جانب سے ایران کے خلاف قرارداد کے جواب میں کہا کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ یہ ادارہ معاملات کو تکنیکی لحاظ سے دیکھنے کی اہلیت نہیں رکھتا بلکہ یہ مغربی ممالک کے ہاتھوں ایک سیاسی کھلونا بن چکا ہے۔

انہوں نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل کے حالیہ دورہ ایران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تین یورپی ممالک اور امریکہ نے گروسی کو ایران کے دوروں کے بارے میں رپورٹ تک پیش کرنے کا موقع نہیں دیا اور یہ معاندانہ قرارداد پاس کی، یہاں تک کہ انہوں نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کی ساکھ کو بچانے کی کوشش تک نہیں کی اور یہ ثابت کیا کہ وہ ان کی رپورٹوں پر توجہ نہیں دیتے۔