ایرانی عوام نے تہران میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے جمع ہو کر فلسطینی عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے حالیہ جرائم کی مذمت کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے عوام نے تہران میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے صیہونی حکومت کی غزہ میں جاری نسل کشی اور لبنان کے خلاف حالیہ جرائم کی مذمت کرتے ہوئے بھرپور احتجاج کیا۔

اس ریلی میں ایرانی عوام نے غزہ کے شمال میں صیہونی حکومت کے نئے جرائم کی طرف بھی اشارہ کیا جس کے نتیجے میں کم از کم 66 فلسطینی شہید اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، شرکاء نے صیہونی حکومت کو غزہ سے نکال باہر کرنے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرین نے "مرگ بر اسرائیل" اور "مرگ بر امریکہ" کے نعرے لگاتے ہوئے متنبہ کیا کہ دنیا ہوش کے ناخن لے کہ اگر خامنہ ای جہاد کا حکم دیں تو پھر دنیا کی کوئی فوجی طاقت ہمیں جواب دینے سے نہیں روک سکے گی۔

اس ریلی کے شرکاء نے تمام ممالک کو صیہونی حکومت سے سفارتی تعلقات ختم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ایرانی معاشرے کی حقیقت کا سامنا کریں

آزاد طلبہ کی اسلامی انجمنوں کی یونین کی نمائندہ زہرا بابائی نے اقوام متحدہ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو دعوت دیتے ہیں کہ ایران کا دورہ کریں اور عوامی اور طلبہ کے اجتماعات میں شرکت کرکے ایرانی معاشرے کی حقیقت کا سامنا کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران  میں خواتین کی حیثیت کے خلاف مغربی ذرائع ابلاغ کی تصویر کشی حقیقت کے منافی ہے اور ایران میں خواتین کے حقوق کا چہرہ میڈیا کی دہشت گردی کی زد میں ہے لیکن ہم سچائی کو مسخ  کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔