رہبر معظم انقلاب اسلامی نے جامعہ الزہراء کے منتظمین، اساتذہ اور طالبات کے ساتھ ملاقات کے دوران حوزہ علمیہ میں تبدیلی لانے اور معاشرے کے نئے مسائل کا جواب دینے کے لئے اسے اپڈیٹ کرنے کی ضرورت پر تاکید کی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے آج جامعہ الزہراء کے منتظمین، اساتذہ اور طالبات کے ایک گروپ نے ملاقات کی۔ اس دوران رہبر معظم انقلاب نے حوزہ علمیہ میں تبدیلی کی ضرورت پر زور دینے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے نئے مسائل سے نمٹنے کے لئے اسے اپ ڈیٹ کرنے کی ضرورت پر بھی تاکید کرتے ہوئے فرمایا: حوزہائے علمیہ میں  تبدیلی لانے کی ضرورت ہے اور یہ کہ حوزہ خود کو دینی حاکمیت کے تقاضوں سے جدا کرے نہایت غیر معقول ہے، کیونکہ خدا نے پیغمبر اکرم (ص) کو دین کی حکمرانی کے لئے ہی بھیجا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ حوزہ معاشرے کی رہنمائی کا پابند ہے اور معاشرہ مسلسل ترقی کر رہا ہے، لہذا حوزہ علمیہ کو بھی لامحالہ طور پر خود کو اپ ڈیٹ کرنا چاہیے۔

رہبر معظم انقلاب نے مزید کہا کہ حوزہ ہائے علمیہ کو حکمرانی کے طریقوں اور نئے اور مختلف سماجی مظاہر جیسے مالیاتی اور اقتصادی مسائل اور کریپٹو کرنسیوں کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کرنا چاہئے۔ دین ان تمام مسائل کے بارے میں فکر، رہنمائی، منطق اور مثالیں رکھتا ہے۔ پس اس مثال اور نمونے کو تلاش کرکے اس پر کام کرنا چاہیے۔