مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اپنے ایکس پیج پر لکھا ہے: کہ یورپ اور برطانیہ کے متضاد رویے سے ان کے دوہرے معیار اور انسانی حقوق کی ذمہ داری سے پہلوتہی کا پتہ چلتا ہے۔ یورپی یونین اور برطانیہ نے بغیر کسی دستاویزی ثبوت کے ایران پر روس کو بیلسٹک میزائل فراہم کرنے کا الزام دھرتے ہوئے ہماری ایئر لائنز اور جہاز رانی پر پابندی لگا دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب کہ اسی وقت، عدالت میں پیش کی گئی دستاویزات کے مطابق، برطانوی میڈیا نے آج انکشاف کیا کہ برطانیہ، پوری طرح سے جانتا ہے کہ اس کے ہتھیار اور F-35 کے پرزے اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی میں استعمال کیے جا رہے ہیں، اس کے باوجود نہایت بے شرمی سے ان ہتھیاروں کی برآمد جاری ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے لکھا: برطانوی کے پاس کیا جواز ہے؟ امریکہ اور نیٹو سے تعلقات برقرار رکھنا! یہ متضاد طرز عمل ان کے دوہرے معیار اور انسانی حقوق کی ذمہ داری سے پہلوتہی کو ظاہر کرتا ہے۔