مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پاکستان کے شہر کوئٹہ کے ریلوے اسٹیشن پر آج صبح ہونے والے دہشت گردانہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت اور گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ دہشت گردانہ کارروائیاں تمام بین الاقوامی اصولوں اور انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں جنہیں کسی عنوان سے جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف ملک کے اصولی موقف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مذموم رجحان کے خاتمے کے لیے دوطرفہ اور علاقائی سطح پر تمام ممالک کی ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، نیز بین الاقوامی سطح پر گہری ہم آہنگی اور مضبوط تعاون کے لئے ایران کی آمادگی پر زور دیا۔