عراق کے مقامی میڈیا ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کرکوک صوبے میں داعش کے تین سرغنوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے ملٹری انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے: سکیورٹی فورسز نے کرکوک صوبے میں تین دہشت گردوں کی گرفتاری کی اطلاع دی ہے جو سیکورٹی فورسز کے خلاف کارروائیوں میں ملوث تھے۔ عراقی فوج نے اسپیشل آپریشنز کمانڈ کے تعاون سے F-16 لڑاکا طیاروں کا استعمال کرتے ہوئے حمرین پہاڑ پر داعش کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوئے جن میں داعش کے اہم سرغنے بھی شامل ہیں۔

عراقی سیکورٹی فورسز نے ان کارروائیوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے ہتھیار، دھماکہ خیز مواد، لاجسٹکس اور مواصلاتی آلات بھی قبضے میں لے لئے۔