اجراء کی تاریخ: 26 اکتوبر 2024 - 16:15

ایرانی فضائیہ کی جانب سے آج صبح تہران، ایلام اور خوزستان میں فوجی مقامات پر اسرائیلی جارحیت کو کامیابی سے روکنے کے بعد ملک میں روزمرہ کی زندگی معمول کے مطابق جاری ہے۔

مہر نیوز کے مطابق  رات کے پچھلے پہر ایرانی دارالحکومت کے کچھ حصوں میں دھماکوں کی اطلاع ملی جو کہ ایرانی سکیورٹی فورسز کے مطابق ملک کی "فضائیہ کے دفاعی اقدام کا نتیجہ تھے۔

میڈیا میں زیر گردش ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایرانی فضائیہ نے صوبہ تہران کے ارد گرد کی فضائی حدود میں حملہ آور اشیاء کو نشانہ بنایا ہے۔

مرکزی دھارے کے ذرائع ابلاغ میں اسرائیلی فضائی حملے کی خبروں کے باوجود، ایرانیوں نے اپنا ہفتہ معمول کے مطابق شروع کیا۔

خوزستان میں امام خمینی پورٹ کے خصوصی اقتصادی زون کی فوٹیج میں بندر امام پیٹرو کیمیکل کمپنی کو بغیر کسی نقصان کے دکھایا گیا ہے۔

اسی طرح ویڈیوز میں صوبہ ایلام کے حسب معمول پرسکون اور غیر مضطرب ماحول کو دکھایا گیا ہے۔ بالکل یہی پرسکوں منظر تہران میں بھی تھا، جہاں کے رہائشیوں کو لالہ پارک میں صبح کی اپنی باقاعدہ ورزش کرتے ہوئے دیکھا گیا، جو اسرائیل کے ایرانی فوجی ٹھکانوں پر حملوں کے دعووں سے بالکل بے خوف تھے۔

ایران کی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے اعلان کیا ہے کہ مختصر وقفے کے بعد پروازیں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔

مغربی تہران کے مہرآباد ہوائی اڈے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلائٹ آپریشنز معمول کے مطابق چل رہے ہیں اور مسافر معمول کے مطابق وہاں سے گزر رہے ہیں۔

وزارت کھیل اور نوجوانان نے سیکورٹی کو یقینی بنانے پر ایران کی مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ تمام کھیلوں کے مقابلے پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھیں گے۔

ادھر تہران کی آئل ریفائننگ کمپنی کے تعلقات عامہ کے سربراہ، شاکر خفائی نے تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا: ریفائنری کا کام معمول کے مطابق جاری ہے،"
دریں اثنا، اسٹاک مارکیٹ کئی دنوں کی کمی کے بعد مثبت اشاریہ پر کھلی، حالیہ دنوں میں اوپن مارکیٹ میں 680,000 ریال کی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد، ہفتے کی دوپہر تک ڈالر ایرانی کرنسی کے مقابلے میں 650,000 ریال کے قریب پہنچ گیا۔ 

اسی طرح پیٹرول اینڈ گیس اسٹیشنز ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان رضا نواز نے اسرائیلی حملے کی ناکامی پر زور دیتے ہوئے کہا ہم نے صبح سے پٹرول کی کھپت میں کوئی خاص اضافہ نہیں دیکھا۔ ہماری مسلح افواج کی صلاحیت اور طاقت پر عوام کے اعتماد کا مطلب یہ ہے کہ گیس اسٹیشنوں پر کوئی ازدحام نہیں تھا، جس کے نتیجے میں ایندھن کے سٹیشنوں پر ایک پرسکون رات تھی۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کی کوششوں اور موجودہ سکیورٹی کی بدولت ایندھن کی فراہمی اور تقسیم کا نیٹ ورک معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔

تہران میں روسی سفارت خانے نے بھی ایک بیان جاری کیا کہ دارالحکومت تہران اور دیگر بڑے شہروں میں صورتحال پرسکون ہے، سفارت خانہ اور دیگر روسی ادارے اپنی معمول کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور روسی شہریوں کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔