لبنان کے وزیراعظم نے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات میں کہا کہ صیہونی حکومت عام شہریوں، صحافیوں اور طبی عملے کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے النشرہ نیوز چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن سے ملاقات میں کہا کہ ہم جنگ بندی کے قیام اور اسرائیل کی جارحیت کو روکنے پر زور دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "اسرائیل" شہریوں، صحافیوں اور طبی عملے پر حملہ کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتا ہے۔

لبنانی وزیر اعظم نے واضح کیا کہ لبنان اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کے نفاذ پر کاربند ہے جب کہ سب سے پہلے، اسرائیل کو جنگ بندی کی پابندی کرنی چاہیے۔ کیونکہ وہ قرارداد کی خلاف ورزی اور لبنان کے خلاف جارحیت کا مرتکب ہوچکا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ لبنان کے تنازع کے حوالے سے سفارتی حل تک پہنچنے کی سخت ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ ایک طرف غزہ اور لبنان کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی حمایت کر رہا ہے جب کہ دوسری طرف مگرمچھ کے آنسو بہاتے ہوئے صلح پسندی کی منافقت کے ذریعے عالمی رائے عامہ کو دھوکہ دینا چاہتا ہے۔ جب کہ یہ حقیقت واضح ہے کہ خطے کے تمام تر جنگی تنازعات کا اصل ذمہ دار امریکہ ہے۔