اردن کے شہریوں نے فلسطینی عوام اور مزاحمت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے جمعہ کو احتجاجی مظاہرے کرکے غزہ کی پٹی کے شمال میں صیہونی رجیم کی نسل کشی کی مذمت کی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے قدس نیوز چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ اردن کے عوام نے ملک کے دارالحکومت عمان میں فلسطینی عوام اور مزاحمت کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے غزہ کی پٹی میں غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں بدترین نسل کشی کی مذمت کی۔ 

فلسطینی پرچم اٹھائے ہوئے مظاہرین نے شہید کمانڈر "یحییٰ السنوار" کی حمایت میں نعرے لگائے اور ان کی وصیت کو دشمنوں کے لیے خوف کا باعث قرار دیتے ہوئے شہید کے مشن پر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اردنی عوام نے غزہ کے باشندوں کی حمایت میں نعرے لگائے اور اس پٹی کے شمال میں صیہونی حکومت کے جرائم کی نئی لہر بالخصوص جبالیہ کیمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا: "اے امت اسلامیہ، یہ شرم کی بات ہے کہ جبالیہ صیہونی دشمن کے محاصرے میں ہے،" اے قوم عرب اور مسلمانو، تمہارا اسلامی بھائی چارہ اور دین کہاں ہے؟