مہر خبررساں ایجنسی نے صہیونی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیل کے 401 ویں بکتر بند بریگیڈ کا کمانڈر شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں فلسطینی مجاہدین کے ساتھ جھڑپوں میں مارا گیا ہے۔
روزنامہ یدیعوت احارونوت نے اطلاع دی ہے کہ شمالی غزہ کے جبالیہ کیمپ میں فلسطینی مجاہدین اور صہیونی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔ جھڑپوں میں اسرائیل کی 401 ویں بکتر بند بریگیڈ کا کمانڈر مارا گیا۔
ٹائمز آف اسرائیل نے رپورٹ کیا کہ کرنل احسان ڈاکسا حماس کے خلاف لڑتے ہوئے مارے جانے والے سب سے سینئر افسروں میں سے ایک ہیں۔ 41 سالہ دقسا کا تعلق دلیات الکرمل کے دروز قصبے سے تھا۔
ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کرنل دقسا نے جون میں 401ویں بریگیڈ کی کمان سنبھالی تھی۔
دریں اثنا صہیونی فوج نے اعلان کیا ہے کہ شمالی غزہ کی پٹی میں زمینی لڑائی میں مزید دو اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔
بیان کے مطابق401 ویں آرمرڈ بریگیڈ کی 52ویں بٹالین میں خدمات انجام دینے والے دونوں فوجی فلسطینی جنگجوؤں کے ساتھ جھڑپ میں مارے گئے۔
اس طرح 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی فوج کی ہلاکتوں کی تعداد 747 ہوگئی ہے۔
صہیونی فوج کے اعداد و شمار کے مطابق غزہ، غرب اردن اور جنوبی لبنان میں مجاہدین کے ساتھ لڑائی میں کم از کم 4969 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔