اجراء کی تاریخ: 18 اکتوبر 2024 - 15:43

حماس کے پولیٹیکل بیورو کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے یحییٰ السنوار کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ "خلیل الحیہ" نے یحییٰ السنور کی شہادت کی خبر کی تصدیق کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس یحییٰ سنوار کی شہادت پر عرب اور اسلامی امہ کو تعزیت پیش کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم طوفان الاقصیٰ کے کمانڈر اور تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ کمانڈر یحییٰ السنور کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

الحیہ نے واضح کیا کہ السنوار فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ وہ محاذوں کے پرچمدار اور سورما تھے جو کبھی پیچھے نہیں ہٹے۔

انہوں نے کہا کہ السنوار نے جیل سے رہائی کے بعد اپنا مشن جاری رکھا یہاں تک کہ طوفان الاقصی کی منصوبہ بندی کی،  سنوار کی شہادت حماس کے بانی شہید شیخ احمد یاسین کے راستے پر ہوئی ہے۔

الحیا نے تاکید کی کہ شہداء کا خون ہماری مزاحمت کو جلا بخشتا ہے اور ہمیں استقامت کی راہ میں آگے بڑھاتا ہے۔ حماس فلسطینی سرزمین پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک اپنا راستہ جاری رکھے گی جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہو گا۔

حماس کے سیاسی دفتر کے نائب سربراہ نے یہ بھی کہا کہ دشمن کے قیدیوں کو  جنگ کے مکمل خاتمے، غزہ سے قابض افواج کے انخلاء اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بعد ہی آزاد کیا جائے گا اور ہم حماس کے مزاحمتی راستے پر چلتے رہیں گے۔