اقوام متحدہ کی امن فوج کے ترجمان نے جنوبی لبنان میں UNIFIL کے ہیڈکوارٹر پر اسرائیل کے حملے کو دانستہ قرار دیتے ہوئے کہا: اسرائیل کا جنوبی لبنان میں فوجیں داخل کرنا ملک کی خودمختاری اور اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کی صریح خلاف ورزی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج  (UNIFIL) کے ترجمان نے جنوبی لبنان میں ان فورسز کے ہیڈ کوارٹر پر صیہونی حکومت کے حملوں کے ردعمل میں کہا کہ اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے UNIFIL فورسز پر حملوں کا انکشاف ہوا ہے جس کے نتیجے میں ہمارے دو فوجی زخمی ہوئے۔

یونیفل کے ترجمان اینڈریا ٹیناتی نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے مزید کہا کہ یہ امکان ہے کہ یونیفل کے ہیڈ کوارٹر پر اسرائیلی حملے جان بوجھ کر کئے گئے تھے جب کہ ہماری افواج لبنان میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے موجود ہیں اور ہم تمام مشکلات کے باوجود ہر ممکن کوشش کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

 انہوں نے واضح کیا کہ ہم نے اپنے ہیڈ کوارٹر اور عہدوں پر رہنے کا فیصلہ کیا ہے جب تک کہ سلامتی کونسل کوئی اور فیصلہ نہ لے۔ 

یونیفل کے ترجمان نے تاکید کی کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوجوں کی دراندازی ملک کی خودمختاری اور اقوام متحدہ کی قرارداد 1701 کی خلاف ورزی ہے اور لبنان اور اسرائیل کی سرحد پر موجودہ صورتحال اقوام متحدہ کے فریم ورک میں مشاورت کی متقاضی ہے۔