مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین کے حوالے سے کہا ہے کہ عراقی مقاومت نے مقبوضہ فلسطین میں صہیونی فوجی اڈے پر ڈرون حملہ کردیا ہے۔
مقاومت اسلامی عراق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ گولان میں واقع صہیونی فوجی اڈے شمشون پر ڈرون طیاروں سے حملہ کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنان اور غزہ کے عوام کے خلاف صہیونی حکومت کی جارحانہ کاروائیوں کے جواب میں مقبوضہ فلسطین میں صہیونی تنصیبات اور فوجی مراکز پر حملے جاری رہیں گے۔ اس سلسلے میں ہفتے کی رات کے آخری پہر مقبوضہ گولان میں واقع صہیونی فوجی اڈے کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری طرف صہیونی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ مقاومت کی جانب سے حملوں کے بعد مقبوضہ گولان کے علاقے میں خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں۔