مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ قرآن کے مطابق اگر مسلمان ایک دوسرے سے متحد رہیں تو انہيں اللہ کی بے پناہ طاقت و رحمت و حکمت سے بہرہ مند ہونے کا موقع دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی پالیسی اس کے بر خلاف ہے اور انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں میں اختلافات پیدا کیا ہے اور آج بھی کر رہے ہيں۔ ایرانی قوم کے دشمن وہی ہیں جو فلسطین کے دشمن ہیں، لبنان کے دشمن ہیں، عراق کے دشمن ہیں، شام و مصر کے دشمن ہيں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دشمن الگ الگ حملے کرتے ہيں لیکن حکم سب کو ایک ہی جگہ سے ملتا ہے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ دشمن جب ایک ملک کو تباہ کر دیتا ہے اور اس کی تباہی سے مطمئن ہو جاتا ہے تو پھر دوسرے ملک کا رخ کرتا ہے۔ اس لئے اقوام کو بیدار ہونا چاہیے۔ اگر قوموں کو دشمن کے محاصرے میں نہيں آنا ہے تو بیدار رہے۔ اگر دشمن کسی قوم کو نشانہ بنا رہا ہے تو سب کو اس مظلوم کی مدد کرنا چاہیے کیونکہ اگر وہاں دشمن کامیاب ہو گیا تو پھر دوسرے ملک کا رخ کرے گا۔ ہم مسلمانوں نے اسے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے۔ اس لئے آج ہمیں غفلت نہيں کرنا چاہیے۔
انہوں نے فرمایا کہ ہمیں دفاع کے لئے تیار رہنا چاہیے، افغانستان سے یمن تک تمام عالم اسلام کے دفاع کے لئے تیار ہ ونا چاہیے۔