مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کرگل میں لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ کی شہادت پر ہزاروں افراد نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ان کے قتل کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف نعرے لگائے۔
مظاہرین نے سید حسن نصراللہ کی تصاویر اور فلسطین کے جھنڈے اٹھائے ”الوداع نصراللہ” اور ”شہادت سعادت” کے نعرے لگائے۔ امام خمینی میموریل ٹرسٹ کے ایگزیکٹو چیئرمین شیخ صادق رجائی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید حسن نصراللہ کی شہادت امریکہ اور اسرائیل کے زوال کی علامت ہے۔
حزب اللہ زندہ اور تابندہ ہے اور یہ غیر انسانی کارروائی اسرائیل کے زوال کی طرف ایک بڑا قدم ہے۔ احتجاجی مظاہرہ حسینی پارک سے شروع ہوا اور اثناء عشریہ چوک سے گزرتا ہوا جامع مسجد کرگل پر اختتام پذیر ہوا جہاں حاجی اصغر علی کربلائی نے خطاب کرتے ہوئے سید حسن نصراللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ جمعیت علماء اثناء عشریہ کرگل نے بھی سید حسن نصراللہ کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ لداخ جو جموں اور کشمیر کا حصہ ہے، کے لوگوں کے نزدیک سید حسن نصراللہ غیر ملکی قبضے کے خلاف مزاحمت کی ایک علامت تھے۔