رہبر معظم انقلاب نے اسلامی ممالک کے سفیروں سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ امت مسلمہ اپنے زور بازو سے صہیونی حکومت کو قلب عالم اسلام سے اکھاڑ پھینکے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اعلی ایرانی حکام۔ اسلامی ممالک کے سفیروں اور وحدت اسلامی کانفرنس کے مہمانوں نے ولادت مبارک حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم و حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے موقع پر رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے ملاقات کی۔

اس موقع پر رہبر معظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر امت مسلمہ اپنی طاقت سے بھرپور استفادہ کرے تو صہیونی حکومت کا ناپاک وجود مٹایا جاسکتا ہے۔ نبوت سے ملنے والا ایک درس امت اسلامی کی تشکیل ہے البتہ اسلامی ممالک میں اس حوالے سے زیادہ جذبہ نہیں پایا جاتا ہے۔ مسلمان دانشور اس جذبے کی ایجاد میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر اگلے دس سالوں کے دوران اس پر کام کیا جائے۔ مجلوں میں اس موضوع کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی جائے؛ شعراء شعر پڑھیں اور مبصرین تبصرہ کریں تو حالات مکمل تبدیل ہوں گے۔ عوام بیدار ہو جائیں تو حکومتیں مجبور ہو جائیں گی۔ خواص یہ کام کرسکتے ہیں۔ یہ ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ امت لوگوں کا ایسا گروہ ہے جو مل کر ایک ہدف کی طرف حرکت کرتے ہیں۔ ہمارے درمیان اس کا فقدان ہے اسی وجہ سے امریکہ جیسے ممالک ہمارے اوپر حکومت کررہے ہیں۔