ایرانی صدر پزشکیان نے بیروت حملوں کے بعد لبنانی عوام کے ساتھ تسلیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنایت کار کو یقینی طور پر کڑی سزا دی جائے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں سائبر حملوں کے بعد لبنان کے عوام کو تسلیت کا پیغام بھیجا ہے۔

صدر نے اپنے تسلیتی پیغام میں کہا ہے کہ صہیونی حکومت کی بزدلانہ دہشت گری کے نتیجے میں ہزاروں کی تعداد میں لبنانی شہری زخمی ہوگئے۔ صہیونی حکومت نے فوجیوں اور سویلین میں کوئی فرق نہیں رکھا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ شکست ناپذیر اور انتقام لینے والا ہے اور جنایت کار کو یقینی طور پر کڑی سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوری اسلامی ایران لبنانی عوام پر ہونے والے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے اور اس موقع پر لبنانی حکومت اور عوام کے ساتھ حمایت کا اعلان کرتا ہے۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کریں۔ اللہ تعالی لبنان اور لبنانی عوام کی حفاظت کرے اور شہداء کی مغفرت اور زخمیوں کو شفا عطا کرے۔