امریکی فوج نے یمنی میزائل سسٹم پر حملے کا دعوی کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ خلیج عمان میں تعیینات امریکی فوج نے یمن کی حدود میں میزائل سسٹم پر حملے کا دعوی کیا ہے۔

امریکی فوج کی مرکزی کمانڈ سینٹ کام کی طرف سے ایکس پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یمنی سرزمین پر حملہ کرکے یمنی فوج کے میزائل سسٹم کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائل نظام سے مستقبل میں خطے میں تعیینات امریکی اور بین الاقوامی فوج کے لئے خطرہ لاحق تھا۔

امریکی فوج نے دعوی کیا ہے کہ حملہ خلیج عدن اور بحیرہ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کو محفوظ بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔

یمنی فوج نے واقعے کے بارے میں تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔

یاد رہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف صہیونی حکومت کی جارحیت کے بعد یمنی فوج نے بحیرہ احمر اور خلیج عمان میں صہیونی بندرگاہوں کی طرف جانے والی کشتیوں پر حملہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔