مہر خبررساں ایجنسی نے شہاب نیوز کے حوالے سے کہا ہے کہ غزہ کی حکومت نے سعودی عرب کے ٹی وی چینلز کی جانب سے جانبدارانہ خبریں منتشر کرنے اور ٹی وی میزبانوں کے خراب رویے پر شدید تنقید کی ہے۔
غزہ حکومت کی وزارت اطلاعات کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ "العربیہ" اور "الحدث" فلسطینیوں کی نسل کشی اور غزہ کے حالات کے بارے میں جھوٹی خبریں دے رہے ہیں اسی طرح دونوں چینل کے میزبانوں کا غزہ اور فلسطینیوں کے بارے میں نہایت نامناسب ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عرب میڈیا کی حیثیت سے چینلز کو فلسطینیوں کی حمایت کرنی چاہئے تھی تاہم دونوں چینلز غیر جانبدارانہ موقف اپنانے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے ہیں اسی لئے غاصب صہیونیوں کی زبان بول رہے ہیں۔
حکومت غزہ نے کہا ہے کہ کئی مواقع پر دونوں چینلز کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف ہونے والے واقعات پر خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔ عربی زبان کے میڈیا کا یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔ اگر دونوں چینلز فسلطینیوں کی حمایت نہیں کرتے ہیں تو ہمیں بھی ان کی حمایت نہیں چاہئے لیکن صہیونی حکومت اور فوج کی زبان بولنا چھوڑ دیں۔
بیان میں عرب دنیا اور عالم اسلام کو "العربیہ" اور "الحدث" کی پالیسیوں کے حوالے سے انتباہ کیا گیا ہے اور عرب عوام اور مسلمانوں کو دونوں چینلز دیکھنے سے باز رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔