مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے وزیر خارجہ جمال عامر نے سید عباس عراقچی کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کے دوران انہیں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ کی حیثیت سے کامیابی پر مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
یمن کے وزیر خارجہ نے خطے میں کشیدگی کے اضافے اور یمن پر امریکہ اور برطانیہ کے فوجی حملوں کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا؛ مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت میں یمن کا موقف تبدیل نہیں ہوگا۔
انہوں نے ایران اور یمن کے درمیان سابقہ معاہدوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اقتصادی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی۔
اس دوران سید عباس عراقچی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے جمال عامر کو یمن کے وزیر خارجہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ایران اور یمن کے تعلقات اور خطے کی سلامتی میں تعاون کے مقصد سے فریقین کے درمیان مشاورت کا جاری رہنا بہت اہمیت کا حامل ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے غزہ میں صیہونی رجیم کے جنگی جرائم کے خلاف یمن کی حکومت اور عوام کے مؤقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں کہ جب بہت سے ممالک صرف بیان کی حد تک صیہونی حکومت کے خلاف موقف اپنا رہے ہیں، یمن کی حکومت اور عوام فلسطینی قوم کی مظلومیت کا عملی طور پر دفاع کر رہے ہیں۔
عراقچی نے یمن کے وزیر خارجہ کو دوطرفہ اور علاقائی شعبوں میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت اور تبادلہ خیال کو جاری رکھنے کے لئے تہران کے دورے کی دعوت دی۔