مقاومت کے مقابلے میں انٹیلی جنس ناکامیوں کے بعد صہیونی حکومت کے اہم جاسوسی یونٹ 8200 کے سربراہ کی جانب سے استعفے کا قوی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے صہیونی ویب سائٹ واللا کے حوالے سے کہا ہے کہ مقاومت کے خلاف انٹیلی جنس کی بدترین ناکامی کے بعد صہیونی حکومت کے اہم جاسوسی یونٹ 8200 کے سربراہ سے استعفی لیا جائے گا۔

مقبوضہ علاقوں میں دفاعی ذرائع کے قریبی سمجھے جانے والے واللا نیوز نے کہا ہے کہ جاسوسی یونٹ 8200 کے سربراہ یوسی شرئیل اتوار کے روز اپنا استعفی پیش کریں گے۔

ذرائع کے مطابق شرئیل کے استعفے کی اصل وجہ کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم ان کا استعفی حتمی ظاہر کیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ حزب اللہ کی جانب سے اربعین آپریشن کے بعد یوسی شرئیل کے منظر عام سے گم ہونے کی خبریں بازگشت کررہی تھیں۔ بعض ذرائع نے حزب اللہ کے حملے میں ان کے ہلاک ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا تھا۔