ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا کہنا کہ تہران اپنے وعدوں پر قائم ہے، اسلامی جمہوریہ کے دشمنوں کو بھی اپنے وعدوں پر قائم رہنا چاہئے۔

مہر نیوز کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ملک کے نئے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی تعارفی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کے خلاف دشمنوں کے اقدامات ظالمانہ ہیں۔ ہم اپنے وعدوں پر قائم ہیں اور انہیں بھی اپنے وعدوں پر قائم رہنا چاہیے۔

پریس ٹی وی نے رپورٹ کے مطابق صدر پزشکیان نے مزید کہا کہ ان کی حکومت پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کو ترجیح دے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات کی ترقی پابندیوں کو غیر موثر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔

ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیحات رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی پالیسیوں پر مبنی ہیں جو ممالک کے ساتھ عزت، حکمت اور ایران کے مفاد میں تعلقات استوار کرنے سے عبارت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ہمیشہ جنگ سے بچنے اور امن قائم کرنے کی کوشش کی ہے لیکن وہ ظلم کو کبھی برداشت نہیں کرے گا۔