ایران کے صوبہ یزد میں نمائندہ ولی فقیہ اور یزد شہر کے امام جمعہ نے آج بس حادثے میں زخمی ہونے والے پاکستانی زائرین کی عیادت کی۔

مہر نیوز کے نامہ نگار کے مطابق، آیت اللہ محمد رضا ناصری نے بدھ کی صبح تفت کے شہید بہشتی ہسپتال میں گذشتہ رات بس حادثے میں زخمی ہونے والے زائرین کی عیادت کی اور ان کے علاج معالجے کے بارے میں تفصیلات دریافت کیں۔ 

انہوں نے زخمی ہونے والے پاکستان زائرین کی عیادت کے دوران انہیں رہبر معظم انقلاب کا سلام اور پیغام پہنچایا۔ 

 آیت اللہ ناصری نے کہا کہ زخمیوں کی عیادت  کے دوران ہم نے انہیں یقین دلایا کہ ان کی صحت یابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

 انہوں نے اللہ تعالیٰ سے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور پاکستانی عوام بالخصوص شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

گزشتہ شب پاکستانی زائرین کی بس دہشیر سے تفت جانے والی سڑک پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں 28 افراد شہید اور 23 زخمی ہوگئے۔