صہیونی فوج نے 7 اکتوبر 2023 کے بعد ہونے والے نقصانات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے 689 فوجی ہلاک اور 4284 زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ صہیونی فوج نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کے مختلف علاقوں میں فلسطینی مجاہدین کے ہاتھوں مزید 12 فوجی زخمی ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

صہیونی فوج کے مطابق گذشتہ 7 اکتوبر کو فلسطینی مقاومت کی جانب سے کیے گئے طوفان الاقصی آپریشن کے بعد اب تک مجموعی طور پر 689 صہیونی افسران اور سپاہی ہلاک ہوگئے ہیں۔

بیان کے مطابق زخمی فوجیوں کی تعداد 4284 تک پہنچ گئی ہے جس میں اعلی رینک کے افسران بھی شامل ہیں۔

صہیونی فوج کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ پر زمینی حملے کے بعد نقصانات میں واضح اضافہ ہوا ہے اور اب تک 2190 فوجی زخمی ہوگئے  ہیں۔

صہیونی حکومت اپنی سابقہ روایت کے مطابق اپنے نقصانات کو چھپاتی ہے۔ مبصرین کے مطابق طوفان الاقصی میں ہونے والے نقصانات کی تعداد کی صہیونی فوج کے فراہم کردہ اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

صہیونی صحافی یواف زیتون نے یدیعوت احارونوت کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ غزہ کی جنگ کے بعد سے اب تک کم از کم دس ہزار صہیونی فوجی ہلاک یا زخمی ہوگئے ہیں۔