مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق نومنتخب ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پارلیمنٹ میں حاضری دی اور الوداعی نشست میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کو ایک دوسرے کے ہاتھوں میں ہاتھ دے کر ملک کے مسائل اور عوامی مشکلات حل کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے ہم پر اعتماد کیا ہے لہذا آپس میں لڑائی جھگڑے کے بجائے عوامی اعتماد پر پورا اترنا ہوگا۔
پزشکیان نے مزید کہا کہ اگر دولت اور اقتدار کے دھوکے میں نہ آئیں تو ہم حق بات کرسکتے ہیں اور مظلوم کی دادرسی کرسکتے ہیں۔ اس طرح معاشرے میں عدل و انصاف قائم ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن انتخابات سے عوام کو دور رکھنے کی کوشش کررہے تھے تاہم عوام نے دشمن شناس ہونے کا ثبوت دیا اور بڑی تعداد میں انتخابات میں شرکت کرکے دشمن کو مایوس کردیا۔