بھارت کی شمالی ریاست اتر پردیش میں مقامی حکام نے ایک مذہبی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے کے باعث کم از کم ۲۷ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔

 مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ یوپی کے ہاتھرس میں ایک مذہبی تقریب (بھولے بابا کا ستسنگ) کے دوران بھگدڑ مچنے سے 27 افراد کے ہلاک ہونے کا اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حادثہ میں ہلاک ہونے والوں میں 23 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ہلاک شدگان کی تعداد 90 تک پہنچ گئی ہے، تاہم، سی ایم او ایٹہ نے 27 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

ایٹہ کے سی ایم او (چیف میڈیکل آفیسر) اومیش کمار ترپاٹھی نے ستسنگ کے دوران 27 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، ’’پوسٹ مارٹم ہاؤس میں اب تک 27 لاشیں آ چکی ہیں۔ جن میں 23 خواتین، ایک مرد اور تین بچے شامل ہیں۔ کئی زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ مزید معلومات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔ بادی النظر یہ سانحہ بھگدڑ مچنے کی وجہ سے پیش آیا۔‘‘