مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، ایرانی گارڈئین کونسل کے ترجمان طحان نظیف نے صدارتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے حوالے سے کہا ہے کہ چاروں صدارتی امیدواروں میں سے کسی نے بھی پولنگ اور نتائج کے بارے میں شکایت یا اعتراض دائر نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کو مزید شفاف بنانے کے لئے شکایات سیل تشکیل دیا گیا تھا تاکہ الیکشن کمیشن، صدارتی امیدواروں یا عوام کی شکایات وصول کی جائیں تاہم کسی فریق یا عوام کی جانب سے کوئی شکایت درج نہیں کی گئی۔
نظیف نے مزید کہا کہ شکایات موصول نہ ہونے کے بعد گارڈئین کونسل نے انتخابی نتائج کی تصدیق کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو بھیج دیا۔
گارڈئین کونسل کے ترجمان نے کہا کہ پہلے مرحلے کے نتائج سامنے آنے کے بعد سعید جلیلی اور مسعود پزشکیان کے درمیان اگلے مرحلے میں دوبارہ مقابلہ ہوگا۔ دونوں امیدوار جمعرات 4 جولائی کی صبح 8 بجے تک انتخابی مہم چلانے کے مجاز ہوں گے۔