مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق یمنی فوج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمنی فوج نے صہیونی بندرگاہوں کی جانب سے جانے والی دو کشتیوں پر بحیرہ احمر میں حملہ کرکے سمندر میں غرق کردیا ہے۔
المسیرہ کے مطابق یمنی فوجی ترجمان نے کہا ہے کہ گذشتہ 72 گھنٹوں کے دوران یمنی فوج نے بحیرہ احمر میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والی کشتیوں پر ڈرون اور میزائل حملے کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یمنی فوج کے حملے میں متاثر ہونے والی کشتی "وربنا" خلیج عدن میں پانی میں ڈوب گئی ہے جبکہ ڈرون حملے میں متاثر ہونے والی دوسری کشتی بھی آئندہ چند گھنٹوں کے دوران پانی میں غرق ہوجائے گی۔
جنرل یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمنی فوج نے عیدقربان کے پرمسرت موقع پر فلسطینی مقاومت کو عید کا ہدیہ دیا ہے۔
انہوں نے یمنی فوج کا عزم دہراتے ہوئے کہا کہ جب تک غزہ میں فلسطینی عوام پر صہیونی حکومت کے حملے بند نہیں ہوتے بحیرہ احمر سے صہیونی بندرگاہوں کی جانب جانے والی کشتیوں کو ڈرون اور میزائلوں سے نشانہ بنایا جائے گا۔