مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، بھارتی الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی اتحاد میں شامل جماعتوں نے اکثریت حاصل کرلی ہے جس کے بعد نریندر مودی کے دوبارہ وزیراعظم بننے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
نیشنل ڈیموکریٹک الائنس نے نصف سے زائد سیٹیں جیت لی ہیں۔ اب تک کی موصولہ اطلاعات کے مطابق پارلیمنٹ کی 543 سیٹوں میں سے بی جے پی اتحاد نے 276 پر کامیابی حاصل کی ہے۔
دوسری طرف کانگریس کی سربراہی میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے مجموعی طور پر 205 سیٹیں حاصل کی ہیں۔ حزب اختلاف کے اتحاد میں 28 جماعتیں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں اس وقت شدید گرمی ہے اور انتخابات کے دوران کئی ریاستوں میں مختلف واقعات کے دوران انتخابی عملے کے کئی افراد قتل ہوگئے ہیں۔