مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ مشرقی آذربائیجان کے اسلامی تبلیغات کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ کے لئے کئے گئے انتظامات کے مطابق کل صبح 9:30 بجے تبریز سے شہداء کی میتیں روانہ کر دی جائیں گی۔
مشرقی آذربائیجان کے اسلامی تبلیغات کے ڈائریکٹر جنرل حجت الاسلام سید محمود حسینی نے مہر نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل صبح ساڑھے نو بجے شہید آیت اللہ رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی میتوں کو تبریز کے شہداء اسکوائر سے ایئرپورٹ لے جایا جائے گا جہاں سے تہران روانہ کر دی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ رہبر معظم انقلاب کی اقتداء میں بدھ کے روز شہداء کی نماز جنازہ ادا کی جائےگی، محبوب صدر رئیسی کے جسد خاکی کو جمعرات کو مشہد مقدس میں سپرد خاک کیا جائے گا۔ جب کہ امام جمعہ کی میت کو جمعرات کو تبریز میں سپرد خاک کیا جائے گا اور صوبہ مشرقی آذربائیجان کے نوجوان اور محنتی گورنر کی تدفین اسی دن مراغہ قصبے میں عمل میں لائی جائے گی۔
اس وقت شہداء کے جسد ہائے خاکی کو سپاہ پاسداران انقلاب کی عاشورہ کور کی تحویل میں دیا گیا ہے۔