مہر نیوز کے مطابق، ایرانی وزیر برائے شہری ترقی مہرداد بذرپاش نے ایک بھارتی کمپنی کے ساتھ چابہار بندرگاہ پر کنٹینر ٹرمینل اور جنرل کارگو بارجز کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے دورارن صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور بھارت کی مشترکہ شپنگ کمپنی جلد شروع کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ریل، سڑک اور سمندری انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے باقاعدہ منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور ایران میں مختلف شعبوں میں ٹرانزٹ کی ترقی کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران، بھارت اور چین کے درمیان کنٹینر شپنگ کی براہ راست لائن پہلے سے موجود ہے، رواں سال کے آغاز سے ہی (21 مارچ 2024) اس روٹ پر سامان کی نقل و حمل میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔
بذرپاش نے کہا کہ چابہار بندرگاہ ملک کے شمال-جنوب کوریڈور کی مشرقی شاخ میں ایک اسٹریٹجک کردار ادا کرتی ہے، اور سال کے آخر تک چابہار-زاہدان ریلوے سیکشن کی تکمیل کے بعد، یہ بندرگاہ ملک کے ٹرانزٹ ڈویلپمنٹ پلان میں فعال کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور بھارت کے درمیان چابہار پورٹ معاہدے کی ویلیو 370 ملین ڈالر تک بڑھ گئی ہے۔