مہر خبررسی ایجنسی کے مطابق، ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان اور پاکستان کے مختلف شہروں میں متعین ایرانی سفارتکاروں کا اجلاس ہوا جس میں ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات پر وزیرخارجہ کو بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے دوران ایرانی وزارت خارجہ میں سفارتی امور کے معاون نے کہا کہ رہبر معظم کی پاکستان پر خصوصی توجہ اور صدر رئیسی کے احکام کے مطابق حکومت ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ عوامی اور حکومتی سطح پر تعلقات بڑھانے اور زائرین اہل بیت علیھم السلام کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کو مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
نشست کے دوران پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان کے پانچ شہروں میں ایرانی قونصل خانوں کی موجودگی دلیل ہے کہ ایران ہمسایہ ملک پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ ثقافتی اور اقتصادی اقدار کے مطابق باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کی گنجائش ہے۔
نشست کے دوران پاکستان میں متعین ایرانی سفارت کاروں نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، نقل و حمل اور دیگر شعبوں میں تعلقات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر وزیرخارجہ عبداللہیان نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صدر رئیسی کا دورہ پاکستان اس حوالے سے نہایت مفید رہا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بڑھانے کی راہ میں کچھ موانع ہیں جن کی شناخت کرکے برطرف کرنے کی ضرورت ہے۔