صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف امریکہ میں طلباء کے احتجاج میں شدت آنے کے ساتھ ہی بیروت کی یونیورسٹیوں نے بھی مظلوم فلسطینی قوم کی حمایت میں دھرنا شروع کر دیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے المیادین نیوز چینل کے حوالے سے بتایا ہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت کی متعدد یونیورسٹیوں کے طلباء نے مظلوم فلسطینی قوم بالخصوص غزہ کی پٹی کے باشندوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

لبنان میں المیادین ٹی وی چینل کے نمائندے نے بتایا ہے کہ طلباء کو فلسطینی قوم کی حمایت میں بیروت کی امریکن یونیورسٹی کی طرف مارچ کرنے سے روک دیا گیا۔

بیروت کی امریکن یونیورسٹی کے اطراف میں طلباء نے "ہم محمد ضیف کی فوج ہیں اور ہم بیت المقدس کی طرف بڑھ رہے ہیں" جیسے نعرے لگاتے ہوئے فلسطین کی حمایت کا اعلان کیا۔

النشرہ نیوز سائٹ نے بھی رپورٹ دی ہے: صیہونی حکومت کے جرائم کے خلاف غزہ کی پٹی کے باشندوں کی حمایت میں لبنانی یونیورسٹیوں کے طلباء کے دھرنے شروع ہوگئے ہیں۔

یہ دھرنے بیروت کی امریکن یونیورسٹی، لبنانی یونیورسٹی، بیروت العربیہ یونیورسٹی، بیروت کی لبنانی بین الاقوامی یونیورسٹی، حداد یونیورسٹی، بیروت میں قدیس یوسف یونیورسٹی، ہائیکازیان اور البقاع یونیورسٹی کی کال پر دئے جار ہے ہیں

واضح رہے کہ اس وقت دنیا کے مختلف ممالک بالخصوص امریکہ میں یونیورسٹیوں کے طلبہ غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں احتجاج کرتے ہوئے غاصب صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کر رہے ہیں۔ تاہم امریکی پولیس فورسز، مظاہرین پر  بڑے پیمانے پر تشدد کرتے ہوئے احتجاجی تحریک کو سختی سے کچلنے کی کوشش کر رہی ہے۔