مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پرتگال سے تعلق رکھنے والے سابق معروف فٹبالر نے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی شہر اصفہان کے فٹبال کلب سپاہان کے کوچ ژورے موریس نے ایران فٹبال لیگ میچ کے بعد اپنا مذہب تبدیل کرتے ہوئے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔
موریس نے اس موقع پر کہا کہ مسلمان ہونے کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کررہا ہوں۔ موریس کے مسلمان ہونے کی خبر ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پر منتشر ہوگئی ہے۔
یاد رہے 1965 میں پرتگال میں پیدا ہونے والے ژورے موریس نے پرتگال کی جانب سے فٹبال کھیلا ہے۔ اس وقت وہ اصفہان کے فٹبال کلب سپاہان کے ہیڈکوچ ہیں۔ انہوں نے اس سے پہلے موتوزر اور سعودی کلب الہلال کے کوچ کا عہدہ بھی سنبھالا ہے اور دونوں ٹیموں نے ان کی کوچنگ میں ٹرافی جیتی ہے۔ علاوہ ازین موریس نے یورپی معروف ٹیموں پورٹو، رئیل میڈرڈ، چیلسی اور انٹرمیلان میں خوزے مورینو جیسے مشہور کوچ کے معاون کی حیثیت سے بھی کام کیا ہے۔
حالیہ چند مہینوں کے دوران موریس خبروں کی شہہ سرخیوں میں رہے ہیں۔