مہر نیوز کے مطابق ایران کے صدر آیت اللہ ابراہیم رئیسی سے لاہور میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ملاقات کی۔
اس دوران صدر رئیسی نے کہا کہ میرا لاہور کا دورہ اقبال لاہوری کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ثقافتی تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے ہے کیونکہ لاہور کو پاکستان کی ثقافتی علامت سمجھا جاتا ہے۔ صوبہ پنجاب اور لاہور نہ صرف ایک ثقافتی خطہ ہے، بلکہ یہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کی ثقافتی، سماجی اور اقتصادی ترقی میں مزید تیزی آئی گی۔
انہوں نے اسلامی انقلاب کے بعد دوطرفہ تعلقات میں بہتری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے اعلی حکام کی جانب سے تعاون کو وسعت دینے کے عزم نے بعض ممالک کی جانب سے تہران اور اسلام آباد کے درمیان دوستانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
صدر رئیسی نے علامہ اقبال کی شخصیت کو ایرانیوں کے لئے نہایت محترم قرار دیتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے علامہ اقبال کو ایک ثقافتی اور اپنی ثقافت سے محبت کرنے والی شخصیت کے طور پر ستارہ مشرق کے عنوان سے یاد کیا ہے۔ نیز پاکستانی عوام کی امام رضا علیہ السلام سے محبت اور دلچسپی بھی مثالی ہے۔
اس ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ایرانی صدر کے دورہ پنجاب اور علامہ اقبال کی قبر پر حاضری کے ساتھ ساتھ اس شہر کی قدیمی درسگاہ "جی سی" یونیورسٹی کا دورہ کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایران پاکستان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں گی۔
اس ملاقات میں فریقین نے مشترکہ ثقافتی پس منظر اور پاکستان میں فارسی زبان کی طرف توجہ کے پیش نظر اس ملک میں فارسی زبان کی تعلیم کو وسعت دینے پر اتفاق کیا اور صدر رئیسی نے اس میدان میں پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کے لئے آمادگی کا اعلان کرتے ہوئے ایران کے وزیر ثقافت کو ہدایات دیں کہ وہ متعلقہ پاکستانی حکام کے ساتھ تعاون کریں۔