مہر نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما راجہ ظفر الحق نے اسرائیل پر ایرانی حملے کے اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت نے شام میں ایرانی سفارت خانے پر حملہ کیا اور فوجی مشیروں کو شہید کیا۔ اس کے جواب میں حملہ کرنا ایران کا قانونی حق تھا۔ ایران نے اپنے قانونی حق کا استعمال کیا ہے۔
سابق سینیٹ چیئرمین نے کہا کہ تمام پاکستانی ایران کی جانب سے کیے گئے اقدام کی حمایت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے ثابت کردیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین اور مفادات کا بہترین تحفظ کرسکتا ہے۔ اگر اسرائیل کوئی جوابی اقدام کرے تو ایران کا ردعمل پہلے سے زیادہ شدید ہوگا۔
سینئر پاکستانی سیاستدان نے غزہ اسرائیلی کاروائیوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت کے حملوں کی وجہ پوری دنیا میں اس کے خلاف احتجاج اور مظاہرے ہورہے ہیں۔ یہ اسرائیل کے حامیوں کے لئے بڑا پیغام ہے کہ وہ کس قدر نفرت کا شکار ہورہے ہیں۔