سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے دوسرے قرانی فیسٹیول کے موقع پر کہا ہے کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی ہر حال میں حدود الہی کی رعایت کرے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے سپاہ پاسداران کے فضائی شعبے کے تحت ہونےوالے دوسرے قرآنی فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے شام میں شہید ہونے والے جنرل محمد رضا زاہدی کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے شہداء زمین پر آیات قرآنی کے عملی نمونے ہیں جو انسانی شکل میں مجسم ہوئے ہیں۔ 

جنرل سلامی نے قرآنی فیسٹیول منعقد کرنے پر سپاہ پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے افسران اور سپاہیوں کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران حدود الہی کے محافظ ہیں جو دشمن کے سامنے نبردآزمائی کے دوران حدود الہی کی رعایت کرتی ہے۔ دشمن کا پلیدترین عمل بھی سپاہ کو حدود الہی کی خلاف ورزی پر مجبور نہیں کرسکتی ہے۔ یہی تقوی کا ایک نمونہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن کے ساتھ انس ہمیں حق سے آشنا کرتا ہے۔ اگر حق طلبی اور اس پر عمل کرنا چاہیں تو سب قرآن میں موجود ہیں۔ آج غزہ کے مسلمانوں نے امتحان الہی میں کامیابی کے ساتھ صہیونیوں کے سامنے سینہ سپر ہوکر قیام کیا ہے۔ ان مواقع پر شیاطین کے بہکاوے میں آکر اللہ سے بدگمان نہیں ہونا چاہئے۔