مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے غزہ میں طویل جنگ بندی اور فلسطینی پناہ گزینوں کی بتدریج واپسی کی بین الاقوامی تجویز کے حوالے سے نیوز چینلز میں شائع ہونے والی خبروں کی تردید کی گئی ہے۔
حماس کی طرف سے اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ نیوز چینلز نے حماس کے ایک سینئر ذریعے کا حوالہ دیتے ہوئے یہ خبر شائع کی، لیکن یہ صحت نہیں رکھتی۔
اس تحریک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایسے وقت میں کہ جب فلسطینی عوام غاصب صیہونی حکومت کے ہاتھوں نسل کشی اور وحشیانہ جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں، نیوز چینلوں کو ایسی جھوٹی خبریں شائع کرکے غزہ کی پٹی کے باشندوں کے جذبات سے نہیں کھیلنا چاہئے۔
واضح رہے کہ قبل ازیں العربیہ ٹی وی چینل نے حماس کے سینئر ذریعے کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ اس تحریک نے غزہ میں جنگ بندی کی نظرثانی شدہ امریکی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔