مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ اقوام متحدہ سے وابستہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے امداد کے ادارے UNRWA نے صیہونی حکومت کے دور میں گذشتہ سال 7 اکتوبر سے اب تک شہید ہونے والی فلسطینی خواتین کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں رہنے والی کم از کم 9000 فلسطینی خواتین شہید ہو گئیں۔
اس ادارے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں رہنے والی اوسطاً روزانہ 63 فلسطینی خواتین اس پٹی پر صیہونی حکومت کے حملوں کا نشانہ بن کر شہید ہو جاتی ہیں۔
اقوام متحدہ سے وابستہ اس تنظیم نے تاکید کی کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پر غزہ کی خواتین اس پٹی میں جاری وحشیانہ جارحیت کے نتائج بھگت رہی ہیں۔
قبل ازیں اقوام متحدہ کی خواتین پر تشدد کی رپورٹر ریم السالم نے غزہ کی پٹی میں مقیم فلسطینی خواتین کی ابتر صورتحال کے بارے میں خبردار کیا تھا۔
انہوں نے خواتین کے خلاف تشدد پر تاکید کرتے ہوئے کہا: فلسطینی خواتین کی صورتحال ایک امتحان ہے۔ ایک ایسا امتحان جس میں عالمی برادری ناکام رہی ہے۔
السالم نے غزہ کی پٹی میں رہنے والی فلسطینی خواتین کی موجودہ صورتحال کے بارے میں بھی بتایا: غزہ کی پٹی کی خواتین امداد کی کمی کی وجہ سے غیر انسانی حالات میں زندگی گزار رہی ہیں۔