یمن کی انصار اللہ کے رہنما نے صیہونی حکومت کے خلاف فلسطینیوں کی مزاحمت کے جائز دفاع کی حمایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی رجیم کے علاوہ امریکی اور برطانوی بحری جہاز بھی یمنی میزائلوں اور ڈرونز کے نشانے پر ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوتنک نیوز کے حوالے سے خبر دی ہے کہ یمن کی انصار اللہ کے سربراہ سید عبدالمالک بدرالدین الحوثی نے غزہ کی پٹی میں جاری صیہونی حکومت کے جرائم اور امریکہ کے شرمناک کردار پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تل ابیب اور واشنگٹن تمام بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی رجیم غزہ کی پٹی پر امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کی حمایت اور عربوں کی خیانت سے وحشیانہ جرائم کی مرتکب ہوئی ہے۔ اس قاتل رجیم کی حمایت نے مغرب بالخصوص امریکہ کو عالمی سطح پر رسوا کر دیا ہے۔

یمن کی انصار اللہ کے سربراہ نے مزید کہا کہ صیہونی حکومت نے غزہ میں ہزاروں فلسطینیوں کو شہید کیا ہے۔ غزہ کے تمام باشندوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے اور وہ درختوں کے پتے اور جانوروں کا چارہ کھانے پر مجبور ہو چکے ہیں۔

انصار اللہ کے رہنما نے مزید کہا کہ اسرائیل غزہ کے باشندوں کو نقل مکانی پر مجبور کر رہا ہے اور جو فلسطینی، اسرائیلی فوج کے اعلان کردہ محفوظ راستوں سے گزرتے ہیں انہیں ٹینکوں اور سنائپرز سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔

عبد الملک حوثی نے مزید کہا کہ دشمن غزہ کی پٹی میں مزاحمتی فورسز کو مٹانے اور اپنے قیدیوں کو رہائی دلانے میں ناکام رہا جب کہ مجاہدین نے بے مثال صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور اب بھی بہادری اور بے جگری سے دشمن کا مقابلہ کر رہے ہیں۔