فلسطینی ذرائع کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں صہیونی فوج کی جارحیت سے مزید فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے الجزیرہ کے حوالے سے کہا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں مزید 76 بے گناہ فلسطینی شہید اور 110 زخمی ہوگئے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں صہیونی فوج کی بربریت جاری ہے۔ خان یونس اور غزہ کے شمالی علاقوں میں صہیونی فوج کی جارحیت سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان اشرف القدرہ کے مطابق طوفان الاقصی کے بعد سے اب تک تقریبا 30 ہزار فلسطینی شہید اور 70 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

غزہ میں جنگ بندی کی کوششوں کے باوجود اسرائیلی حکومت جنگ بندی کے لئے تیار نہیں ہے۔ اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی قراردادوں کو بھی امریکہ نے کئی مرتبہ ویٹو کردیا ہے۔ عالمی سطح پر امریکہ کے اس اقدام کی شدید مذمت کی جارہی ہے۔